ایم ایل ون منصوبے پر کام جاری، 14 اگست کو پیپلز ٹرین کا افتتاح کیا جائے گا

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) وزیرِ ریلوے حنیف عباسی نے اعلان کیا ہے کہ 14 اگست کو پیپلز ٹرین کا افتتاح کیا جائے گا، جبکہ ایم ایل ون منصوبے پر بھی کام تیزی سے جاری ہے۔

لاہور میں ریلوے ہیڈکوارٹرز میں ریزرویشن آفس کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ ریلوے نے کہا کہ پاکستان ریلویز میں بہتری کے لیے متعدد منصوبوں پر کام ہو رہا ہے۔

حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ سب سے بڑا مسئلہ ریلوے ٹریک کا ہے، جس پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ لاہور سے راولپنڈی کے درمیان نیا ٹریک تیار کیا جا رہا ہے جس پر سفر تقریباً دو گھنٹے بیس منٹ میں مکمل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ روہڑی ٹریک پر بھی کام جاری ہے اور ستمبر تک اس کی تکمیل متوقع ہے۔وزیرِ ریلوے کے مطابق ایم ایل ون منصوبے کے حوالے سے تمام صوبوں کو اعتماد میں لیا جا رہا ہے، جبکہ وزیراعلیٰ سندھ کے ساتھ جلد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے جائیں گے۔

حنیف عباسی نے بتایا کہ 14 اگست کو پیپلز ٹرین کا افتتاح کیا جائے گا، جبکہ کوئٹہ اور خیبرپختونخوا کے لیے بھی ریلوے سہولیات بہتر بنانے پر کام جاری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ریلوے کو ڈیجیٹلائز کرنے کا ٹاسک وزیراعظم نے دیا ہے، اور اس مقصد کے لیے جدید کنٹرول رومز قائم کیے جا رہے ہیں۔

وزیرِ ریلوے کے مطابق بڑے ریلوے اسٹیشنز پر وائی فائی سہولت فراہم کی جائے گی اور مارکیٹنگ و ٹرانسپورٹ نظام میں بھی اصلاحات لائی جا رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں