سندھ میں خسرہ کی صورتحال پر محکمہ صحت کا وضاحتی اعلامیہ جاری

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)محکمہ صحت سندھ کے ترجمان نے صوبے میں خسرہ کی حالیہ صورتحال سے متعلق میڈیا رپورٹس پر وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور متاثرہ علاقوں میں فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مختلف اضلاع میں اموات رپورٹ ہوئی ہیں، جن میں خیرپور میں 14، سکھر میں 4 اور ٹھٹھہ میں 5 اموات کی تصدیق ہوئی ہے۔محکمہ صحت کے مطابق مجموعی طور پر رپورٹ ہونے والی 40 اموات میں سے صرف 3 کی لیبارٹری تصدیق ہوئی ہے، 18 کیسز کلینکلی مشتبہ جبکہ 13 اموات وبائی روابط کی بنیاد پر ریکارڈ کی گئی ہیں، اور 6 کیسز کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ جاں بحق ہونے والے بچوں میں 6 بچے 9 ماہ سے کم عمر تھے جو ویکسینیشن کے لیے اہل نہیں تھے، جبکہ صرف 5 بچوں نے مکمل ویکسین کورس حاصل کیا تھا۔محکمہ صحت کے مطابق خسرہ کے پھیلاؤ کی بڑی وجوہات میں ویکسین سے انکار کرنے والی کمیونٹیز شامل ہیں، جبکہ بعض علاقوں میں غذائی قلت (Malnutrition) بھی بیماری کی شدت میں اضافے کا سبب بن رہی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ نومبر 2025 میں شروع کی گئی مہم کے بعد کیسز میں نمایاں کمی آئی ہے، اور جہاں بھی نئے کیسز رپورٹ ہوتے ہیں وہاں ای پی آئی سندھ کی ٹیمیں فوری طور پر آؤٹ بریک رسپانس سرگرمیاں شروع کر دیتی ہیں۔

محکمہ صحت سندھ نے کہا ہے کہ وہ حفاظتی ٹیکہ جات کی شرح بہتر بنانے اور خسرہ کے مکمل خاتمے کے لیے مسلسل اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں