ایم کیو ایم پاکستان کی کھیلوں کے میدانوں میں مویشی منڈیاں قائم کرنے کی مخالفت

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ایم کیو ایم پاکستان نے کھیلوں کے میدانوں میں مویشی منڈیاں قائم کرنے کی تجویز کی شدید مخالفت کرتے ہوئے اسے مسترد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی برائے اورنگی ٹاؤن سید اعجاز الحق نے اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر ویسٹ کو مراسلہ ارسال کیا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اورنگی ٹاؤن کے کھیلوں کے میدانوں میں مویشی منڈی لگانے کی تجویز پر شدید اعتراض ہے، جبکہ جرمن گراؤنڈ اور ایشیا گراؤنڈ کو مویشی منڈی کے لیے استعمال کرنے کے فیصلے کی بھی مخالفت کی گئی ہے۔

رکن سندھ اسمبلی کا کہنا ہے کہ اورنگی ٹاؤن میں پہلے ہی کھیلوں کے میدانوں کی شدید کمی ہے، ایسے میں رہائشی علاقوں کے میدانوں کو مویشی منڈیوں کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔انہوں نے خبردار کیا کہ کھیل کے میدانوں پر قبضے اور ان کے غیر کھیلوں کے استعمال سے نوجوانوں میں سماجی بے چینی پیدا ہو سکتی ہے۔

مراسلے میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ مویشی منڈیاں صرف غیر رہائشی اور مخصوص مقامات پر ہی لگانے کی ہدایت جاری کی جائے تاکہ شہریوں اور نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات میسر رہ سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں