سرکاری کالج جامعہ ملیہ کی زمین پر قبضے کا معاملہ، تجاوزات ختم

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سرکاری کالج جامعہ ملیہ کی اراضی پر مبینہ قبضے کے خلاف سید سردار علی شاہ کی ہدایات پر فوری کارروائی کرتے ہوئے قبضہ واگزار کرا لیا گیا۔

اس سلسلے میں گلاب رائے (ڈائریکٹر کالجز کراچی ریجن) نے ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ قبضہ شدہ زمین کا دورہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر کی نگرانی میں کالج کی زمین پر لگے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے بورڈ ہٹا دیے گئے۔وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے لینڈ مافیا کی جانب سے سرکاری تعلیمی ادارے کی اراضی پر قبضے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر تجاوزات ختم کرنے کے احکامات جاری کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی صورت میں جامعہ ملیہ کالج کی زمین پر قبضہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔

وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ کالج کی املاک کے تحفظ کے لیے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق اقدامات کیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کی جانب سے سرکاری کالج کی اراضی پر قبضہ کیا گیا تھا، جسے اب سرکاری کارروائی کے ذریعے ختم کر دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں