کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)میٹرک کے امتحانات کے دوران بدانتظامی عروج پر پہنچ گئی ہے، جبکہ میٹرک بورڈ کراچی کی جانب سے نقل کے سنگین کیسز پر مؤثر کارروائی سے گریز کیا جا رہا ہے۔
تازہ واقعہ کراچی کے علاقے کورنگی میں واقع ایک نجی اسکول میں سامنے آیا، جہاں امتحان کے دوران اساتذہ کی جانب سے طلبہ کے پرچے حل کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق کورنگی میں قائم دی نالج اکیڈمی کی ایک استاد غیر حاضر طلبہ کے پرچے حل کرنے میں ملوث پائی گئیں۔
یہ سنگین انکشاف اس وقت سامنے آیا جب ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کورنگی نے امتحانی عمل کے دوران اسکول کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران امتحانی ہال سے درجنوں موبائل فون برآمد کیے گئے۔ڈی او کورنگی امداد علی لاشاری کے مطابق طلبہ موبائل فونز کے ذریعے پرچہ حل کرنے میں مصروف تھیں، جو امتحانی نظام پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔
واقعے کے بعد تعلیمی حلقوں اور والدین میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے، جبکہ مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ امتحانی نظام کی شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔


