کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) سندھ حکومت اور عالمی بینک کے تعاون سے KWSSIP کے تحت شہر میں پانی کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ایک اہم اقدام شروع کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر نئی مرکزی لائن نمبر 5 کے انٹرکنکشن کا کام باقاعدہ طور پر شروع کر دیا گیا ہے، جس کے تحت نئی لائن کو موجودہ واٹر نیٹ ورک سے منسلک کیا جا رہا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ منصوبے پر کام آج 25 اپریل بروز ہفتہ دوپہر 1 بجے شروع کیا گیا، جبکہ لائن کو فعال بنانے کے لیے موجودہ نظام سے جوڑنے کے ساتھ جدید والوز کی تنصیب بھی جاری ہے۔
اس دوران دھابیجی فورتھ فیز، کے ٹو اور کے تھری سے پانی کی فراہمی عارضی طور پر معطل رہے گی۔ تاہم ترجمان کے مطابق دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے مجموعی 21 پمپس میں سے صرف 9 پمپس کو عارضی طور پر بند کیا گیا ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ دھابیجی کے دیگر پمپس سمیت حب پمپنگ اسٹیشن سے کراچی کو پانی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے، جبکہ انٹرکنکشن مکمل ہونے کے بعد شہر کے پانی کے نظام میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔


