کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی وائس چیئرمین علامہ احمد اقبال رضوی نے جنرل ورکر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 3 مئی بروز اتوار نشتر پارک کراچی میں شہید رہبرِ معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور شہدائے راہِ مقاومت سے تجدید عہد کے لیےشیعہ جماعتوں کےزیراہتمام ایک عظیم الشان جلسہ منعقد ہوگا،جس میں مختلف مسالک کےقائدین، علمائے کرام، سیاسی و مذہبی شخصیات اورعوام کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔ انہوں نےکہا کہ یہ جلسہ صرف تجدید عہد ہی نہیں بلکہ عالمی استکبار،صہیونیت اور ظلم کے خلاف ملتِ پاکستان کی آوازثابت ہوگا۔ جنرل ورکراجلاس میں3مئی کے جلسے کی تیاریوں، عوامی رابطہ مہم، استقبالیہ کیمپوں، ضلعی و یونٹ سطح پر متحرک تنظیم سازی اور بھرپور عوامی شرکت یقینی بنانے کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ اس جلسےکوتاریخی اورمثالی اجتماع بنانےکےلیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔علامہ احمد اقبال رضوی نے یکم مارچ کراچی امریکی قونصلیٹ میں موجود میرینز کی فائرنگ سے شہید ہونے والے شیعہ نوجوانوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس واقعےکا مقدمہ امریکی سفیر کے خلاف درج کیا جائے، امریکی قونصلیٹ کا خاتمہ کیا جائے اور امریکی سفیروں و اہلکاروں کو ملک بدر کیا جائے۔انہوں نےکہا کہ پاکستان کی سرزمین پر امریکی اہلکاروں کی دہشتگردی ناقابل برداشت ہے اور حکومت فوری طور پر اس قومی غیرت کےمسئلے پر واضح مؤقف اختیار کرے۔انہوں نے فلسطین کاز کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے ہمیشہ مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت کی ہےجبکہ امریکہ اور اسرائیل خطے میں دہشتگردی، بدامنی اور خونریزی کے اصل ذمہ دار ہیں۔ امریکہ و اسرائیل کی سرپرستی میں امت مسلمہ کےخلاف جاری سازشیں ناقابل قبول ہیں۔ انہوں نے بعض عرب حکمرانوں کی جانب سے امریکہ کی حمایت کو امت مسلمہ کے مفادات سے غداری قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسلم دنیا کو استکباری قوتوں کے بجائے مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ 3 مئی کا جلسہ عالمی استکبار کے خلاف مزاحمت، فلسطین سے یکجہتی، شہدائے مقاومت کو خراج عقیدت اور ملتِ جعفریہ کے اتحاد و بیداری کا عظیم مظہر ثابت ہوگا۔ انہوں نے تمام شیعہ جماعتوں، ملی تنظیموں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ بھرپور شرکت کرکے اس تاریخی اجتماع کو کامیاب بنائیں۔


