اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے پاکستان کی حکومت، پاک فوج اور عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے دورۂ پاکستان کے موقع پر ایکس (X) پر جاری بیان میں ایرانی سفیر نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں امن کوششوں کو سراہا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا جنگ کے خاتمے میں کردار قابلِ تحسین ہے۔ ایرانی سفیر کے مطابق ایرانی وفد کا دورہ مکمل سکیورٹی، مؤثر منصوبہ بندی اور بہترین انتظامات کے ساتھ انجام پایا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی اداروں کی کارکردگی قابلِ تعریف ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی خطے میں امن کے لیے اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔


