اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)وفاقی آئینی عدالت نے پاسپورٹ اینڈ امیگریشن رولز کی وہ دفعات بحال کر دیں جو اس سے قبل کالعدم قرار دی گئی تھیں، جس کے بعد حکومت کو شہریوں کے پاسپورٹ غیر فعال قرار دینے کا اختیار دوبارہ حاصل ہو گیا ہے۔
یہ فیصلہ جسٹس حسن اظہر رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سنایا۔ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے حکومت کی اپیل کو قابلِ سماعت قرار دے دیا اور لاہور ہائیکورٹ کا سابقہ فیصلہ معطل کر دیا۔
دفعات کی بحالی کے بعد حکومت کو شہریوں کے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کا اختیار بھی واپس مل گیا ہے۔ عدالتی فیصلے کے مطابق مخصوص حالات میں شہریوں کے پاسپورٹ غیر فعال قرار دینے کا حکومتی اقدام اب دوبارہ مؤثر ہو چکا ہے۔
قانونی ماہرین کے مطابق اس فیصلے کے بعد پاسپورٹ اور امیگریشن سے متعلق حکومتی اختیارات میں نمایاں وسعت آ گئی ہے، جبکہ اس پر آئندہ سماعتوں میں مزید قانونی نکات زیرِ بحث آنے کا امکان ہے۔


