واشنگٹن(ایچ آراین ڈبلیو)ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہمیں ایران کا افزودہ یورینیم اپنے قبضے میں لینا ہوگا اور ہم ایسا ضرور کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر امریکہ سنجیدہ ہے اور اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گا۔
ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق ٹرمپ کے بیان نے ایک بار پھر عالمی سطح پر تشویش پیدا کر دی ہے۔امریکی صدر نے پاکستان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان کے عظیم فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعظم کا بہت احترام کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں ایک اہم ملک ہے اور اس کی قیادت کے ساتھ امریکہ کے تعلقات اہمیت رکھتے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے ایک اور دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کی جنگ کے دوران 11 جہاز گرے۔ ان کے اس بیان نے بھارت اور پاکستان کے درمیان ماضی کی کشیدگی پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔مبصرین کے مطابق امریکی صدر کے یہ بیانات خطے کی سیاست اور عالمی سفارتکاری پر اثر انداز ہو سکتے ہیں، جبکہ مختلف ممالک کی جانب سے ان پر ردِعمل متوقع ہے۔


