تہران(ایچ آراین ڈبلیو)ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی پیر کے روز روس پہنچ گئے، ایسے وقت میں جب تہران اور امریکہ کے درمیان امن کی کوششیں غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہیں۔ یہ دورہ خطے میں سفارتی کشیدگی بڑھنے اور مجوزہ مذاکرات کے تعطل کے پس منظر میں ہو رہا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ نے ٹیلی گرام پر جاری بیان میں بتایا کہ عباس عراقچی سینٹ پیٹرزبرگ پہنچ چکے ہیں، جہاں ان کی ولادیمیر پوتن سے ملاقات متوقع ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق ملاقات میں خطے کی تازہ صورتحال، ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی، اور بین الاقوامی و علاقائی امور پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔ مبصرین اس دورے کو خطے میں سفارتی توازن کے لیے اہم قرار دے رہے ہیں، خاص طور پر ایسے وقت میں جب مذاکراتی عمل تعطل کا شکار ہے۔


