ماں نے اپنے تین بچوں کو کیوں قتل کیا؟ تہلکہ خیز انکشافات سامنے آ گئے

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)میں اپنے تین معصوم بچوں کے قتل کے الزام میں گرفتار ماں کو عدالت نے پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے، جبکہ تفتیش کے دوران لرزہ خیز حقائق سامنے آ گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ لاہور کے علاقے اچھرہ میں پیش آیا، جہاں ملزمہ نے اپنے تین بچوں کو بے دردی سے قتل کرنے کے بعد الزام سسرالی رشتہ داروں پر ڈالنے کی کوشش کی۔ تاہم تفتیش کے دوران ملزمہ کا یہ ڈرامہ بے نقاب ہو گیا۔

ابتدائی طور پر ملزمہ نے پولیس کو گمراہ کرنے کی کوشش کی اور جائے واردات پر پُراعتماد انداز میں بیان دیا کہ اس کا بلڈ پریشر کم ہو گیا تھا، بچوں کو زندہ چھوڑ کر وہ گھر کو تالہ لگا کر باہر گئی، اور اسے معلوم نہیں کہ بچے کیسے قتل ہوئے۔ اس حوالے سے سامنے آنے والی ویڈیو میں بھی ملزمہ کو مسلسل صفائیاں پیش کرتے دیکھا گیا۔

تاہم پولیس کاکہنا ہےکہ ملزمہ کی ٹال مٹول زیادہ دیرنہ چل سکی اورسخت تفتیش کےبعد اس نےاپنے جرم کا اعتراف کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمہ نے انکشاف کیا کہ وہ اپنے شوہر رمضان سے طلاق لے کر جھنگ کے رہائشی یار نامی شخص سے شادی کرنا چاہتی تھی، جس سے اس کا روزانہ فون پر رابطہ تھا۔ وہ موبائل ایپ کے ذریعے اس سے پیسے بھی منگواتی تھی، تاہم بچے اس نئی شادی میں سب سے بڑی رکاوٹ بن رہے تھے۔

پولیس حکام کے مطابق ملزمہ کے موبائل فون کا کال ڈیٹا ریکارڈ (سی ڈی آر) بھی حاصل کر لیا گیا ہے، جس سے اس کے بیان کی تصدیق ہوتی ہے۔ ملزمہ اس وقت پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس تحویل میں ہے اور واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں