کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی کے علاقے لیاری میں حیران کن انکشاف سامنے آیا ہے جہاں محض 70 دن میں 7 منزلہ عمارت تعمیر کر دی گئی۔ اس غیرقانونی تعمیر کے خلاف شہری زاہد حسین نے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ لیاری کے علاقے آگرہ تاج میں بلڈرز نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سمیت دیگر متعلقہ قوانین کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے عمارت تعمیر کی۔ شہری کا کہنا ہے کہ تعمیر میں ناقص مٹیریل استعمال کیا گیا ہے جس کے باعث قیمتی انسانی جانوں کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ اس غیرقانونی تعمیر کے خلاف متعدد بار متعلقہ اداروں کو شکایات دی گئیں، تاہم کسی قسم کی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ مذکورہ غیرقانونی عمارت کو فوری طور پر مسمار کرنے کا حکم دیا جائے اور ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔


