وزیرِ اعظم شہباز شریف سے پاکستانی خلا بازوں کی ملاقات، خلائی مشن کو قومی سنگ میل قرار

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے انسانی خلائی مشن پر جانے والے پاکستانی خلا باز خرم داؤد اور محمد ذیشان علی نے ملاقات کی۔اس موقع پر سپارکو کے خلاباز اتاشی حسنین افتخار بھی موجود تھے، جبکہ ملاقات میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹرمحمد اسحاق ڈار،وزیرِمنصوبہ بندی احسن اقبال،وزیرِاطلاعات ونشریات عطاء اللہ تارڑ، معاون خصوصی سید طارق فاطمی، سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور چیئرمین سپارکو محمد یوسف خان نے بھی شرکت کی۔ چین کے پاکستان میں سفیر جیانگ زائیڈونگ بھی اس ملاقات میں شریک تھے۔

وزیرِ اعظم نے دونوں خلا بازوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ دونوں نوجوان خلا بازوں اور خلاباز اتاشی سے مل کر دلی مسرت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ خلائی مشن پر تحقیق کے لیے آپ کا جانا پاکستان کے لیے ایک اہم سنگ میل اور پوری قوم کے لیے قابل فخر امر ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ انہیں پُر اعتماد ہے کہ یہ خلا باز پاکستان کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی شبانہ روز محنت اور لگن کے باعث وہ اس مقام تک پہنچے ہیں جو قابلِ تحسین ہے۔وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ چین کے تعاون سے یہ خلائی مشن پاکستان اور چین کے برادرانہ تعلقات میں نئی جہتوں کا اضافہ کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں