گلیشیئر پگھلنے اور شدید گرمی کے باعث دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں تیزی

کراچی/چشمہ(ایچ آراین ڈبلیو)گلیشیئر پگھلنے اور ملک کے بالائی علاقوں میں شدید گرمی کے باعث دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے۔

چشمہ بیراج میں پانی کی آمد میں واضح اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ چشمہ بیراج میں پانی کی آمد بڑھ کر 70 ہزار کیوسک تک پہنچ چکی ہے، جبکہ پانی کا اخراج 66 ہزار 545 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق چشمہ بیراج میں پانی کی سطح 648 فٹ تک پہنچ گئی ہے، جس کے پیشِ نظر حفاظتی اقدامات کے طور پر بیراج کے 35 سپل ویز کھول دیے گئے ہیں تاکہ پانی کے دباؤ کو محفوظ سطح پر رکھا جا سکے۔

محکمہ آبپاشی کا کہنا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے، جبکہ نشیبی علاقوں کے مکینوں کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر گرمی کی موجودہ لہر برقرار رہی تو آئندہ دنوں میں دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں