خلیج(ایچ آراین ڈبلیو)آبنائےہرمز کے قریب دو مختلف بحری جہازوں پر فائرنگ کے واقعات سامنے آئے ہیں، جس کے بعد سمندری سکیورٹی صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے۔میری ٹائم ذرائع کے مطابق ایک جہاز نے اطلاع دی کہ اس پر ایران کے ساحل سے تقریباً 8 ناٹیکل میل مغرب میں فائرنگ کی گئی، تاہم خوش قسمتی سے عملے کے تمام افراد محفوظ رہے اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
اس سے قبل ایک اور کارگو جہاز پر عمان کے قریب تقریباً 15 ناٹیکل میل شمال مشرق میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں جہازکے برج (کنٹرول روم) کو نقصان پہنچا۔ذرائع کے مطابق متاثرہ جہاز ایم ایس سی فرانسسکا دمام سے سنگاپور جا رہا تھا۔ایرانی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق یہ کارروائی سمندری قوانین کے نفاذ کے تحت کی گئی، اور دعویٰ کیا گیا کہ متعلقہ جہاز نے جاری وارننگز کو نظر انداز کیا تھا۔
دوسری جانب خلیجی ممالک نے ان واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سمندری راستوں کو محفوظ بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔تجزیہ کاروں کے مطابق آبنائے ہرمز عالمی تیل اور تجارت کی ایک انتہائی اہم گزرگاہ ہے، اور یہاں کسی بھی قسم کی کشیدگی عالمی معیشت پر گہرے اثرات ڈال سکتی ہے۔


