دبئی/واشنگٹن(ایچ آراین ڈبلیو)امریکا میں تعینات متحدہ عرب امارات کے سفیر یوسف العتیبہ نے واضح کیا ہے کہ امارات کو کسی قسم کی بیرونی مالی امداد کی ضرورت نہیں اور ملک کو ڈالر کی کوئی قلت درپیش نہیں۔واشنگٹن میں کرنسی سوئپ لائن کے حوالے سے امریکا اور امارات کے حکام کے درمیان اعلیٰ سطحی ملاقات ہوئی، جس کے بعد اماراتی سفیر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اماراتی معیشت نہایت مستحکم بنیادوں پر قائم ہے۔
یوسف العتیبہ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے پاس تقریباً 2 ٹریلین ڈالر کے سرمایہ کاری فنڈز موجود ہیں، جبکہ ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر 300 ارب ڈالر تک ہیں، جو معاشی مضبوطی کا واضح ثبوت ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اماراتی حکام اور امریکی فیڈرل ریزرو کے درمیان کرنسی سوئپ لائن کے حوالے سے بات چیت جاری ہے، تاہم یہ مذاکرات کسی مالی بحران کے باعث نہیں بلکہ مالی تعاون اور مستقبل کی منصوبہ بندی کے تناظر میں ہو رہے ہیں۔
اماراتی سفیر نے زور دیا کہ متحدہ عرب امارات خود کفیل معیشت کا حامل ملک ہے اور عالمی مالیاتی نظام میں ایک مضبوط شراکت دار کے طور پر اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔


