آئی جی سندھ نے جدید ٹریفک ریگولیشن اینڈ سائیٹیشن سسٹم (TRACS) کمپلیکس کا افتتاح کردیا

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں قائم جدید ٹریفک ریگولیشن اینڈ سائیٹیشن سسٹم (TRACS) کمپلیکس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔افتتاحی تقریب کے موقع پر ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈی آئی جیز ہیڈ کوارٹرز، آئی ٹی، ٹریننگ اور سیف سٹی کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

ڈی آئی جی ٹریفک کراچی نے آئی جی سندھ کو ٹریکس سسٹم، اس کی آپریشنل سرگرمیوں اور مجموعی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بعد ازاں آئی جی سندھ نے کمپلیکس کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا اور انتظامی و تکنیکی امور کا جائزہ لیا۔

آئی جی سندھ نے ٹریفک ہیلپ لائن 1915 اور کنٹرول روم کا بھی معائنہ کیا اور عوامی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جدید ٹریکس کمپلیکس کے قیام سے ٹریفک نظام اور شہری سہولیات میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹکٹنگ سسٹم اور چالان کے عمل میں شفافیت، رفتار اور مؤثریت کو بڑھایا جائے۔آئی جی سندھ کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو مزید مؤثر بنایا جائے گا، جبکہ ٹریکس نظام سے ای چالان، مانیٹرنگ اور شکایات کے ازالے کا عمل بھی بہتر ہوا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں