سرسید یونیورسٹی معاشرے کوباصلاحیت اورہنرمند افراد مہیا کررہی ہے،چانسلراکبرعلی خان

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے زیرِ اہتمام ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ذاکر علی خان فاؤنڈیشن کی جانب سے پوزیشن ہولڈرز طلبہ کو نقد انعامات کے چیک پیش کیے گئے۔ اس تقریب کا مقصد نہ صرف طلبہ کی علمی کاوشوں اور کامیابیوں کی ستائش تھا بلکہ آئندہ نسلوں کو تعلیم میں اعلیٰ کارکردگی کے لیے مزید حوصلہ فراہم کرنا تھا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سرسید یونیورسٹی کے چانسلر محمد اکبر علی خان نے کہا کہ تعلیم کسی بھی مہذب معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے اور ترقی یافتہ اقوام کی کامیابی کا راز ہی علم و ٹیکنالوجی کا حصول ہے۔ علم کی اہمیت اور افادیت پر ہر ذی شعور متفق ہے۔کوئی بھی اس کی حقانیت سے انکار نہیں کرسکتا۔چونکہ یونیورسٹی تحصیل علم کی آخری منزل ہے جس کے بعد طلباء اپنی عملی پیشہ وارنہ زندگی کا آغازکرتےہیں،اس لیےطلباء کی شخصیت سازی میں یونیورسٹی کے فعال کردارکو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔سرسید یونیورسٹی ایک نظریاتی یونیورسٹی ہے جو معاشر ے کو باصلاحیت اور ہنرمند افراد مہیا کررہی ہے۔ہم سرسید احمد خان کے وژن کی روشنی میں جدید دور کے تقاضوں کے مطابق فروغ علم کے لیے کوشاں ہیں۔

چانسلر اکبر علی خان نے کہا کہ اس نوعیت کے اقدامات طلبہ کو مزید محنت اور لگن کے ساتھ اپنی تعلیم جاری رکھنے کی ترغیب دیتے ہیں۔ انہوں نے یونیورسٹی کی جانب سے علمی برتری کے فروغ اور طلبہ کی معاونت کے عزم پر فخر کا اظہار کیا۔ذاکر علی خان فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن محترمہ ارم اکبر علی خان نے فاؤنڈیشن کے مشن کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے، ان کی محنت کو سراہنے اور خوابوں کی تکمیل کے لیے ان کی ہمت افزائی کے لیے کوشاں ہے۔پوزیشن ہولڈرز کی اتنی بڑی تعداد، سرسید یونیورسٹی کی علمی و تحقیقی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ تعلیم قومی ترقی کی بنیاد اور مضبوط معاشرے کی ضمانت ہے۔نوجوان کسی بھی ملک کا قیمتی اثاثہ اور روشن مستقبل ہوتے ہیں، اس لیے طلبہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ، معیاری اور تحقیق پر مبنی تعلیم فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔سرسید یونیورسٹی اعلیٰ تعلیم کے فروغ، تحقیق، جدت اور انڈسٹری روابط کو مضبوط بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔۔ ڈگری محض کاغذ نہیں بلکہ ایک بڑی سماجی و قومی ذمہ داری ہے، اس لیے طلبہ محنت، دیانت اور لگن کو شعار بنائیں اور عملی زندگی میں ملک و قوم کا نام روشن کریں۔

انہوں نے کہا کہ ذاکر علی خان فاؤنڈیشن میں قائم ہوئی جس کا مقصدتعلیمی سرگرمیوں کوفروغ دینا تھا۔علیگڑھ انسٹی ٹیوٹ اورسرسید یو نیو رسٹی نے ایسے گریجویٹس تیار کئے جو عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں اور ہنر کے جوہر دکھا رہے ہیں اور قومی فخر کا باعث ہیں۔اظہارِ تشکرادا کرتے ہوئے سرسید یونیورسٹی کے رجسٹرار کموڈور (ر) سید سرفراز علی نے کہا کہ پوزیشن ہولڈرز کو یہ چیک ان کی محنت،لگن اور تعلیمی میدان میں غیر معمولی کامیابی کی حوصلہ افزائی کے لیے دئے جارہے ہیں تاکہ وہ مستقبل میں بھی شاندار کارکردگی دکھانے کے لیے پوری طرح متحرک ہوں اور کامیابی کا یہ سلسلہ جاری رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں