جعلی ٹریفک پولیس اہلکار کا روپ دھارنے والی مشکوک خاتون گرفتار

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)وفاقی دارالحکومت کے حساس علاقے میں جعلی ٹریفک پولیس کی وردی میں ملبوس ایک مشکوک خاتون کو گرفتار کر لیا گیا۔ذرائع کے مطابق مذکورہ خاتون خود کو ٹریفک پولیس اہلکار ظاہر کر رہی تھی اور اسلام آباد کے انتہائی سکیورٹی والے علاقے ڈھوک کلاں خان کے قریب وی وی آئی پی روٹ پر موجود تھی، جہاں اس کی غیر معمولی موجودگی کو سکیورٹی خطرہ قرار دیا گیا۔

حکام کے مطابق مذکورہ وی وی آئی پی روٹ پر کسی بھی خاتون ٹریفک اہلکار کی تعیناتی موجود نہیں تھی، جس پر اس کی سرگرمیوں پر شک پیدا ہوا۔ابتدائی معلومات کے مطابق خاتون مبینہ طور پر جعلی وردی کے ذریعے سکیورٹی نظام کو دھوکہ دینے کی کوشش کر رہی تھی۔ صورتحال پر فوری کارروائی کرتے ہوئے حساس اداروں نے خاتون کو حراست میں لے لیا۔خاتون کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ اس کے مقاصد، ممکنہ سہولت کاروں اور دیگر پہلوؤں کا تعین کیا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں