کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)لاہور جانے والی مسافر کوچ پر کنڈیارو کے قریب افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد نے گاڑی پر پتھراؤ کر دیا۔واقعے میں خواتین اور بچوں سمیت کم از کم 10 مسافر زخمی ہو گئے، جبکہ حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ابتدائی معلومات سے معلوم ہوا ہے کہ بس ڈرائیور اور موٹر سائیکل سواروں کے درمیان کسی بات پر تلخ کلامی ہوئی تھی، جس کے بعد مقامی افراد نے مشتعل ہو کر مسافر کوچ کو نشانہ بنایا اور پتھراؤ کیا۔
زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے اور ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔


