ایرانی فوج کا امریکی بحری کارروائی پر سخت ردعمل، جوابی اقدام کا اعلان

تہران(ایچ آراین ڈبلیو)ایران کی جوائنٹ ملٹری کمانڈ نے امریکی کارروائی کو شدید اشتعال انگیزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے ایرانی تجارتی بحری جہاز پر حملہ جنگ بندی کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

ایرانی فوج کے مطابق مذکورہ جہاز چین سے ایران کی طرف آ رہا تھا جب اسے نشانہ بنایا گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا نے جس اقدام کا ارتکاب کیا وہ “بحری ڈکیتی” کے مترادف ہے، اور اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

ایرانی جوائنٹ ملٹری کمانڈ نے واضح کیا ہے کہ تہران بہت جلد امریکی فوجی کارروائی کا جواب دے گا اور اس کے مطابق جوابی اقدامات کیے جائیں گے۔ بیان میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ واقعے کے بعد ایرانی فورسز نے بعض امریکی بحری جہازوں پر ڈرون حملے کیے ہیں۔

دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے دعویٰ کیا ہے کہ زیر حراست ایرانی بحری جہاز اب امریکی تحویل میں ہے۔واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس سے قبل سوشل میڈیا پر بیان میں کہا تھا کہ امریکا نے آبنائے ہرمز کے قریب امریکی ناکہ بندی کی خلاف ورزی کرنے والے ایرانی جہاز کو روکا اور اس پر قبضہ کر لیا ہے۔

خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث صورتحال انتہائی حساس صورت اختیار کر گئی ہے جبکہ عالمی سطح پر بھی اس پیش رفت پر تشویش ظاہر کی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں