اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر تیزی دیکھنے میں آئی ہے، جس کے باعث توانائی درآمد کرنے والے ممالک کے لیے تشویش میں اضافہ ہو گیا ہے۔برطانوی خام تیل کی قیمت میں 5.13 ڈالر فی بیرل اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد اس کی قیمت 95.51 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے۔
اسی طرح امریکی خام تیل کی قیمت میں بھی تقریباً 7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد امریکی خام تیل 89.80 ڈالر فی بیرل میں فروخت ہو رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر جغرافیائی کشیدگی، سپلائی میں خدشات اور توانائی کی طلب میں اضافے کے باعث تیل کی قیمتوں میں یہ تیزی سامنے آئی ہے۔ خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا براہِ راست اثر پیٹرولیم مصنوعات، مہنگائی اور معیشت پر پڑنے کا خدشہ ہے۔
عوامی اور تجارتی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر قیمتوں میں یہ رجحان برقرار رہا تو ایندھن، ٹرانسپورٹ اور روزمرہ اشیائے ضروریہ مزید مہنگی ہو سکتی ہیں، جس سے عوام پر مالی دباؤ بڑھنے کا امکان ہے۔


