راولپنڈی(ایچ آراین ڈبلیو)چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا تین روزہ دورہ ایران کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گیا، جس میں خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے اہم ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس کے علاوہ سپیکر ایرانی پارلیمنٹ محمد باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بھی ملاقاتیں ہوئیں، جن میں خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور پائیدار امن کے امکانات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
فیلڈ مارشل نے خاتم الانبیا ہیڈکوارٹرز کے کمانڈر سے بھی ملاقات کی اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ان ملاقاتوں میں کشیدگی میں کمی، مسائل کے پرامن حل اور سفارتی روابط کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔ پاکستان نے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اپنے دورے میں مکالمے، سفارتکاری اور پرامن ذرائع سے تنازعات کے حل کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے ایرانی قیادت اور عوام کی مہمان نوازی کو سراہا جبکہ صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور پاکستانی عوام کی جانب سے نیک خواہشات اور خیر سگالی کے جذبات بھی پہنچائے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دورہ مشرق وسطیٰ میں تنازعات کے پرامن حل اور خطے میں دیرپا امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کی واضح عکاسی کرتا ہے۔


