کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سندھ حکومت نے میٹرک اور انٹر کے بورڈ امتحانات میں نقل کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کر دی ہے۔اس حوالے سے وزیرِ جامعات اسماعیل راہو اور وزیرِ تعلیم سندھ سردار شاہ نے مشترکہ بیان جاری کیا۔
صوبائی وزرا کے مطابق امتحانی نظام میں نقل کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، اور نقل میں ملوث طلبہ کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پالیسی کے تحت نقل کرنے والے طلبہ آئندہ کبھی بھی بورڈ امتحانات میں شرکت کے اہل نہیں ہوں گے، جبکہ ان کے تمام پرچے بھی منسوخ کر دیے جائیں گے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ نقل میں ملوث امتحانی عملے کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے گا، اور اگر کوئی انویجیلیٹر، انٹرنل، ایکسٹرنل یا کوئی بھی انتظامی افسر ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کے ساتھ ملازمت سے برطرفی بھی کی جا سکتی ہے۔


