اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا ہے کہ پاکستان، امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کو آگے بڑھانے اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
وزیراعظم نے سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان سے جدہ میں طویل ملاقات کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری پیغام میں کہا کہ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا اور مشکل حالات میں سعودی قیادت کی دانشمندانہ حکمت عملی، صبر اور تحمل کو سراہا۔ ملاقات کے دوران سعودی ولی عہد کو پاکستان کی جانب سے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں کردار اور اسلام آباد میں ہونے والے تاریخی امن مذاکرات سے متعلق حالیہ پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان پائیدار امن معاہدے کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا تاکہ خطے میں دیرپا امن کو یقینی بنایا جا سکے۔ وزیراعظم نے امن کی ان کوششوں کی حمایت پر سعودی ولی عہد کا شکریہ بھی ادا کیا۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جدہ میں وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کی ملاقات تقریباً دو گھنٹے جاری رہی، جس میں ابھرتی ہوئی علاقائی صورتحال، دفاع اور سکیورٹی تعاون سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے علاقائی کشیدگی کے تناظر میں سعودی عرب کے لیے مکمل حمایت اور یکجہتی کا اظہار کیا اور سعودی قیادت کے مثالی صبر و تحمل کو خراج تحسین پیش کیا۔ سعودی ولی عہد نے امن عمل میں وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کے تعمیری کردار کو سراہا، جبکہ وزیراعظم نے پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے سعودی عرب کی مسلسل حمایت کی تعریف کی۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دفاع اور سکیورٹی کے شعبے میں قریبی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور دیرینہ شراکت داری کو فروغ دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
خیال رہے کہ سعودی عرب کے دورے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف قطر اور ترکیہ کا بھی دورہ کریں گے۔


