اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو): Ulearn (Private) Limited کے سی ای او وسیم احمد اپنی ٹیم کے ہمراہ نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی (NUTECH) کا دورہ کیا، جہاں ڈیجیٹل جدت کے ذریعے تعلیم میں تبدیلی لانے کے لیے مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے۔
اس شراکت داری کا مقصد نُوٹیک کی اسکل بیسڈ اور ٹیکنالوجیکل تعلیم میں علمی مہارت کو یولرن کے جدید ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے ساتھ ہم آہنگ کرنا ہے، تاکہ پاکستان اور بین الاقوامی سطح پر سیکھنے والوں تک معیاری تعلیم، محفوظ اسیسمنٹ سروسز اور مشترکہ تعلیمی اقدامات پہنچائے جا سکیں۔
معاہدے کے تحت دونوں ادارے ڈیجیٹل کورسز کی تیاری اور فراہمی میں تعاون کریں گے، جو یولرن کے لرننگ مینجمنٹ سسٹم (LMS) کے ذریعے سیلف پیسڈ، انسٹرکٹر لیڈ اور ہائبرڈ ماڈلز میں پیش کیے جائیں گے۔ یولرن پلیٹ فارم آپریشنز اور تکنیکی معاونت فراہم کرے گا، جبکہ نُوٹیک تعلیمی معیار اور سرٹیفکیشن کی نگرانی کرے گا۔
اس تعاون میں مشترکہ تحقیقی منصوبے، قومی و بین الاقوامی پروجیکٹس اور دیگر تعلیمی اقدامات بھی شامل ہیں، جن کا مقصد معیاری تعلیم تک رسائی کو مزید وسیع کرنا ہے۔
اس شراکت داری کے ذریعے نُوٹیک نے ایک بار پھر جدید، مہارت پر مبنی تعلیم کے فروغ اور اسٹریٹجک پارٹنرشپس کے ذریعے اعلیٰ معیار کی تعلیمی سہولیات تک رسائی بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔


