اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لیے حلقہ بندیوں (حد بندیوں) کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب میں یونین کونسلوں کی حد بندی کا عمل 10 اگست تک مکمل کیا جائے گا۔ پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت حد بندیوں کی تیاری مکمل کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق حد بندیوں کے ابتدائی انتظامی مراحل 16 اپریل تک مکمل کر لیے جائیں گے، جبکہ ابتدائی حلقہ بندیوں کی فہرست 20 سے 21 اپریل کے درمیان جاری کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ حلقہ بندیوں پر اعتراضات 26 مئی سے 23 جون تک دائر کیے جا سکیں گے، جن پر سماعت اور فیصلوں کا عمل جاری رہے گا۔
مزید بتایا گیا ہے کہ عوامی اعتراضات کو 22 جولائی تک نمٹایا جائے گا، جبکہ حد بندی کمیٹیوں کو 4 اگست تک اپنی رپورٹس مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب میں یونین کونسلز کی حتمی فہرست 10 اگست 2026 تک جاری کر دی جائے گی، جس کے بعد بلدیاتی انتخابات کے اگلے مرحلے کی راہ ہموار ہوگی۔


