کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) ناظم آباد نمبر 1 میں ٹریفک حادثے میں دو بہنوں کی ہلاکت کے بعد انتظامیہ نے راتوں رات متاثرہ مقام پر گڑھا بھر کر سڑک کو بحال کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز سیوریج کے پانی کے باعث سڑک پر گڑھا پڑ گیا تھا، جس کے باعث رات کے وقت ایک موٹر سائیکل حادثے کا شکار ہو گئی۔
حادثے کے دوران موٹر سائیکل پر سوار افراد میں دو بہنیں ہیوی گاڑی کے پچھلے پہیوں کی زد میں آ کر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں، جبکہ ایک نوجوان زخمی ہو گیا۔
علاقہ مکینوں کے مطابق متاثرہ خاندان گیس کی بندش کے باعث گھر میں کھانا نہ پکا سکنے کی وجہ سے باہر گیا تھا، جہاں واپسی پر یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔
واقعے کے بعد انتظامیہ نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے گڑھا بھر کر سڑک کی مرمت مکمل کر دی۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سیوریج اور سڑکوں کے نظام کو مستقل بنیادوں پر بہتر بنایا جائے۔


