کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر میں “کراچی کو حق دو” کے بینرز لگانے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں سیل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
میئر کراچی نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صرف بینرز لگانے سے شہر کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے جماعتِ اسلامی پر تنقید کرتے ہوئے اس طرزِ عمل کو غیر مؤثر قرار دیا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی میں ویجیلنس اسکواڈ کے لیے 20 الیکٹرک موٹر سائیکلیں فراہم کی جائیں گی تاکہ شہر میں انفراسٹرکچر کے تحفظ اور غیر قانونی سرگرمیوں کی نگرانی بہتر بنائی جا سکے۔
مرتضیٰ وہاب کے مطابق وارڈنز کو پروٹوکول ڈیوٹی سے ہٹا کر ویجیلنس اسکواڈ کا حصہ بنایا جا رہا ہے، جو شہر میں وال چاکنگ، غیر قانونی بینرز، اسٹریٹ لائٹس چوری اور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف کارروائی کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پلوں کے نیچے اور دیگر مقامات پر نشہ کرنے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی، جبکہ شہر میں صفائی اور قانون کی عملداری کو یقینی بنایا جائے گا۔


