ریاض(ایچ آراین ڈبلیو) سعودی عرب کی حکومت نے بغیر اجازت حج کرنے یا حج کی کوشش کرنے پر سخت سزاؤں کا اعلان کر دیا ہے۔
سعودی وزارتِ داخلہ کے مطابق حج کے لیے جاری کیے گئے اجازت نامے (پرمٹ) کی خلاف ورزی کرنے والوں پر 20 ہزار ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ اسی طرح غیر قانونی حجاج کو پناہ دینے یا کسی بھی قسم کی مدد فراہم کرنے والوں پر ایک لاکھ ریال تک جرمانہ کیا جائے گا۔
وزارتِ داخلہ نے واضح کیا ہے کہ یہ پابندیاں یکم ذی القعدہ سے 14 ذی الحجہ تک نافذ العمل رہیں گی۔
اعلان کے مطابق وزٹ ویزے پر آنے والے افراد کو مکہ مکرمہ یا مقدس مقامات تک پہنچانے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ اس کے علاوہ غیر قانونی طور پر حج کرنے کی کوشش کرنے والوں کو ملک بدر کرنے اور 10 سال تک سعودی عرب میں داخلے پر پابندی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد حج کے انتظامات کو منظم بنانا اور عازمین کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔


