اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) پاکستان نیوی نے سمندر میں ہدف کو درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت کے تحت ایک کامیاب لائیو ویپن فائرنگ ٹیسٹ کیا ہے، جس میں مقامی طور پر تیار کردہ جہاز سے داغے جانے والے اینٹی شپ بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق میزائل نے انتہائی تیز رفتاری اور طویل فاصلے پر اپنے ہدف کو درست طور پر نشانہ بنایا، جو بحری دفاعی صلاحیت میں ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔
میزائل کے تجربے کا مشاہدہ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے ممتاز سائنسدانوں اور انجینئرز کے ہمراہ کیا۔ حکام کے مطابق یہ میزائل جدید ترین گائیڈنس سسٹم اور اعلیٰ درجے کی مانور ایبلٹی (حرکت پذیری) سے لیس ہے، جو اسے خطرات سے بچنے اور بدلتے حالات میں درست ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت فراہم کرتا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مقامی سطح پر تیار کردہ اس میزائل کی کامیاب آزمائش پاکستان نیوی کی تکنیکی مہارت اور آپریشنل تیاری کا ثبوت ہے۔ یہ تجربہ بحری میدان میں قابلِ اعتماد دفاعی صلاحیت اور خطے میں امن و استحکام کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
صدر مملکت، وزیر اعظم شہباز شریف، چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس نے اس کامیاب تجربے پر متعلقہ یونٹس اور سائنسدانوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔


