آئی ایم ایف کی ورلڈ اکنامک آؤٹ لک رپورٹ 2026 جاری ہوگئی

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) International Monetary Fund (آئی ایم ایف) نے ورلڈ اکنامک آؤٹ لک رپورٹ 2026 جاری کر دی ہے، جس میں مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کو عالمی معاشی ترقی پر منفی اثرات کا بڑا سبب قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق عالمی معاشی ترقی کی رفتار میں 0.2 فیصد کمی کے بعد مجموعی شرح نمو 3.4 فیصد رہنے کا امکان ہے۔ آئی ایم ایف نے خبردار کیا ہے کہ جنگ کے باعث عالمی انرجی سپلائی اور مارکیٹس متاثر ہو رہی ہیں، جس کے پیش نظر نئی معاشی ترجیحات کے تعین کی ضرورت ہے۔
پاکستان کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال معاشی شرح نمو 3.6 فیصد رہنے کا امکان ہے، جبکہ حکومت نے اس سال معاشی ترقی کا ہدف 4.2 فیصد مقرر کر رکھا ہے۔ آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان میں معاشی رفتار سست رہنے اور مہنگائی میں اضافے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں رواں مالی سال مہنگائی 7.2 فیصد رہنے کا امکان ہے، جبکہ اگلے مالی سال یہ مزید بڑھ کر 8.4 فیصد تک جا سکتی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ مالی سال مہنگائی کی شرح 4.5 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔
بیروزگاری کے حوالے سے آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال پاکستان میں بیروزگاری 7.1 فیصد سے کم ہو کر 6.9 فیصد رہنے کا امکان ہے، جبکہ اگلے مالی سال یہ مزید کم ہو کر 6.5 فیصد تک آ سکتی ہے۔
کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کے بارے میں رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال یہ جی ڈی پی کے 0.4 فیصد کے برابر ہو سکتا ہے، جبکہ اگلے سال کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بڑھ کر جی ڈی پی کے 0.9 فیصد تک جانے کا خدشہ ہے۔
آئی ایم ایف نے واضح کیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ تنازع کی مدت اور شدت مستقبل کی عالمی معاشی آؤٹ لک کا تعین کرے گی، جبکہ جنگ کے اثرات عالمی توانائی، تجارت اور مالی منڈیوں پر گہرے ہوتے جا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں