لاہور پولیس کی مبینہ نااہلی؛ اغوا ہونے والی چار بچوں کی ماں بے دردی سے قتل، لاش کوڑا اٹھانے والی ٹرالی میں منتقل

**لاہور (ایچ آراین ڈبلیو):** تھانہ شاہدرہ ٹاؤن پولیس کی مبینہ غفلت اور بے حسی کا ایک اور ہولناک واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں اغوا ہونے والی تیس سالہ خاتون سائرہ کو سفاکانہ تشدد کے بعد قتل کر دیا گیا۔ مقتولہ، جو چار بچوں کی ماں تھی، اپنے شوہر کے قتل کے کیس میں نامزد تھی اور دو ماہ قبل ہائیکورٹ سے ضمانت پر رہا ہوئی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ دو روز قبل وہ فیروزوالہ کچری میں پیشی پر آئی تھی جہاں سے اسے مبینہ طور پر اس کے سسرال والوں نے اغوا کر لیا۔ مقتولہ کی بوڑھی والدہ اپنی بیٹی کی جان بچانے کے لیے تھانہ فیروزوالہ، سبزار اور شاہدرہ ٹاؤن کے چکر لگاتی رہی، مگر پولیس نے داد رسی کے بجائے غیر انسانی رویہ اختیار کیا اور اسے یہ کہہ کر ٹال دیا کہ “بیٹی کسی کے ساتھ بھاگ گئی ہوگی”۔ شاہدرہ ٹاؤن پولیس نے مبینہ طور پر اپنی مرضی کی درخواست لکھی اور کوئی کارروائی کیے بغیر بوڑھی ماں کو اگلے روز آنے کا کہہ کر گھر بھیج دیا، لیکن ابھی مقدمہ بھی درج نہ ہو سکا تھا کہ مریدکے کے علاقے ننگل ساداں سے سائرہ کی تشدد زدہ لاش ملنے کی خبر آ گئی۔

مقتولہ پر کیے گئے تشدد کی تفصیلات روح کانپا دینے والی ہیں؛ سائرہ کے جسم کو جلایا گیا، ہونٹ اور کان کاٹ دیے گئے، نازک حصوں کو سگریٹ سے داغا گیا اور آخر میں 6 گولیاں مار کر اسے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ پولیس کی بے حسی کا سلسلہ یہاں بھی ختم نہ ہوا اور تھانہ صدر مریدکے کی پولیس نے انسانیت کی تذلیل کرتے ہوئے مقتولہ کی لاش کو کوڑا اٹھانے والی ٹرالی میں ڈال کر ہسپتال منتقل کیا۔ قتل کی خبر منظر عام پر آتے ہی شاہدرہ ٹاؤن پولیس نے اپنی نااہلی پر پردہ ڈالنے کے لیے فوری طور پر اغوا کا مقدمہ درج کر لیا۔ مقتولہ کی والدہ نے روتے ہوئے سی سی پی او لاہور اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اپیل کی ہے کہ سفاک قاتلوں اور غفلت برتنے والے پولیس اہلکاروں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔ یہ واقعہ نہ صرف امن و امان کی صورتحال پر سوالیہ نشان ہے بلکہ پنجاب پولیس کے نظام میں موجود گہری بے حسی اور نااہلی کا منہ بولتا ثبوت بھی ہے۔

**انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے ہماری آواز بنیں!** دنیا کے نمبر ون انسانی حقوق کے نیوز پورٹل **HRNW (Human Rights News Worldwide)** کی حمایت کریں۔ ہماری صحافت کا مقصد مظلوموں کی داد رسی اور انصاف کا حصول ہے۔

**ہماری مالی معاونت اور سپورٹ کے لیے درج ذیل لنک پر کلک کریں:** [https://www.hrnww.com/?page_id=1083](https://www.hrnww.com/?page_id=1083)

اپنا تبصرہ بھیجیں