چین کی جانب سے ایران کوفضائی دفاعی نظام فراہم کرنے کی تیاری؟امریکی انٹیلیجنس دعویٰ

چین(ایچ آراین ڈبلیو)امریکی انٹیلیجنس ذرائع کے حوالے سے عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دعویٰ کیا گیا ہے کہ چین آئندہ چند ہفتوں میں ایران کو جدید فضائی دفاعی نظام فراہم کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔

بیجنگ مبینہ طور پر یہ ہتھیار تیسرے ممالک کے ذریعے ایران تک پہنچانے پر غور کر رہا ہے۔ ان میں کندھے پر رکھ کر چلائے جانے والے اینٹی ایئرکرافٹ میزائل سسٹمز بھی شامل ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

تاہم واشنگٹن میں چینی سفارتخانے نے ان الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین نے کبھی کسی تنازع کے فریق کو ہتھیار فراہم نہیں کیے۔ بیان میں کہا گیا کہ امریکی میڈیا میں زیر بحث معلومات غلط اور بے بنیاد ہیں۔

چینی سفارتخانے نے مؤقف اختیار کیا کہ چین ایک ذمہ دار عالمی طاقت کے طور پر اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کر رہا ہے اور وہ کشیدگی بڑھانے کے بجائے خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے۔

بیان میں امریکی فریق پر زور دیا گیا کہ وہ بے بنیاد الزامات اور سنسنی خیز دعوؤں سے گریز کرے جبکہ تمام متعلقہ فریقین سے کشیدگی کم کرنے کے لیے اقدامات کرنے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں