رینجرز (سندھ) کی کارروائی، اسٹریٹ کرائم میں ملوث “ٹینگو گروہ” کے 3 ملزمان گرفتار

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے پٹھان کالونی سے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث “ٹینگو گروہ” کے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت مزمل شاہ ولد عزت علی، صابر رحمن ولد حبیب الرحمن اور کریم اللہ عرف لالا ولد حاجی محمد کے نام سے ہوئی ہے۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے تین عدد موبائل فونز اور نقدی برآمد کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق گرفتار ملزمان کراچی کے مختلف علاقوں بلدیہ ٹاؤن، اورنگی ٹاؤن، سائٹ ایریا، اتحاد ٹاؤن اور منگھو پیر میں اسلحے کے زور پر 300 سے 400 موبائل فونز، موٹر سائیکلیں اور نقدی چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔

رینجرز کے مطابق گرفتار ملزم کریم اللہ عرف لالا نے انکشاف کیا کہ اس نے اکیلے ماہِ رمضان کے دوران تقریباً 30 موبائل فونز چھینے۔ جبکہ ملزم مزمل شاہ گروہ کا اہم رکن ہے جو اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کے ساتھ ساتھ بھٹی پارک کے علاقے میں پولیس مقابلے کے دوران ایک پولیس اہلکار کو زخمی کرنے میں بھی ملوث رہا، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج موجود ہے۔

اسی طرح ملزم صابر حسین چھینے گئے موبائل فونز کی خرید و فروخت میں ملوث پایا گیا۔ رینجرز کے مطابق گروہ کے دو ساتھی پہلے ہی جیل میں ہیں جبکہ دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

رینجرز کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں متعدد ایف آئی آرز درج ہیں۔ ملزمان کو برآمد شدہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

رینجرز (سندھ) نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جرائم کے خاتمے کے لیے ایسے عناصر کے بارے میں معلومات فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 0347-9001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے فراہم کریں۔ اطلاع دینے والے کا نام صیغۂ راز میں رکھا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں