کراچی (ایچ آر این ڈبلیو) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) نے کراچی کے علاقے لیاری، بزنجو چوک میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی عمارت کو سیل کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ کارروائی صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کی خصوصی ہدایت پر عمل میں لائی گئی، جہاں “بلوچ گیراج” کی آڑ میں ایک کثیر المنزلہ عمارت غیر قانونی طور پر تعمیر کی جا رہی تھی۔
ایس بی سی اے حکام نے مذکورہ عمارت کو سندھ بلڈنگ کنٹرول آرڈیننس 1979 کے تحت سیل کیا اور واضح کیا کہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والی کسی بھی تعمیر کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اتھارٹی کی جانب سے عمارت پر نوٹس چسپاں کر دیا گیا ہے جس میں وارننگ دی گئی ہے کہ سیل توڑنے یا عمارت میں داخلے کی کسی بھی کوشش پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
علاقہ پولیس اور متعلقہ تھانے کو سیل کی گئی عمارت کی نگرانی کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے تاکہ غیر قانونی تعمیراتی کام دوبارہ شروع نہ ہو سکے۔ واضح رہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات اور نقشے کی خلاف ورزی کرنے والی عمارتوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیزی سے جاری ہے تاکہ شہر کے انفراسٹرکچر کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔
انسانی حقوق اور عوامی شعور کی بیداری کے لیے ہمارے مشن کا حصہ بنیں۔ آپ کے تعاون سے ہم مظلوموں کی آواز بن سکتے ہیں۔ براہ کرم اس لنک کے ذریعے اپنی عطیات جمع کروائیں: [https://www.hrnww.com/?page_id=1083](https://www.hrnww.com/?page_id=1083)


