اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں 13 اپریل سے دوسری قومی انسداد پولیو مہم شروع ہوگی۔
این ای او سی کے مطابق اس مہم کے دوران ملک بھر میں تقریباً 4 کروڑ 50 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، اور 4 لاکھ سے زائد فرنٹ لائن ورکرز مہم میں حصہ لیں گے۔
این ای او سی نے بتایا کہ مہم سندھ، بلوچستان، پنجاب اور خیبر پختونخوا سمیت ملک کے دیگر حصوں میں بھی چلائی جائے گی۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور اسلام آباد میں بھی انسداد پولیو مہم جاری رہے گی۔
این ای او سی نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو قطرے پلانے کے لیے فرنٹ لائن ورکرز کے ساتھ تعاون کریں تاکہ پاکستان کو پولیو سے پاک بنانے کے قومی ہدف کو حاصل کیا جا سکے۔


