اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)شہباز شریف نے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی اطلاعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ تنازع والے علاقوں میں چند مقامات پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ خلاف ورزیاں امن عمل کی روح کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔
شہباز شریف نے خلوص دل سے تمام فریقین سے اپیل کی کہ وہ تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ فریقین طے شدہ معاہدے کے مطابق دو ہفتوں تک جنگ بندی کا احترام کریں اور سفارت کاری کو تنازع کے پرامن حل میں مرکزی کردار ادا کرنے کا موقع دیا جائے۔
وزیراعظم نے اپنے ٹویٹ میں امریکی صدر، امریکی نائب صدر، امریکی وزیر خارجہ، اور سٹیو وٹکوف کو ٹیگ کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے ایرانی صدر، ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر اور ایرانی وزیر خارجہ کو بھی اپنے پیغام میں شامل کیا۔
وزیراعظم کا یہ اقدام خطے میں امن اور سفارتی عمل کو فروغ دینے کی کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔


