اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کی درخواست پر اپنا طے شدہ جلسہ ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے، جس کے بعد پی ٹی آئی نے جلسہ مؤخر کرنے پر رضامندی ظاہر کی۔
ذرائع کے مطابق حکومتی اور اپوزیشن ارکان کے درمیان ملاقات قومی اسمبلی کی اپوزیشن لابی میں ہوئی۔ ملاقات میں حکومت کی جانب سے وزیردفاع خواجہ آصف، وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ اور راجا پرویز اشرف شریک ہوئے، جبکہ اپوزیشن کی نمائندگی قائد حزب اختلاف محمود اچکزئی، بیرسٹر گوہر، عامر ڈوگر اور دیگر رہنماؤں نے کی۔
ملاقات کے دوران حکومت نے اپوزیشن سے جلسہ ملتوی کرنے کی درخواست کی، جسے پی ٹی آئی نے قبول کرتے ہوئے جلسہ مؤخر کرنے پر اتفاق کر لیا۔
اسلام آباد میں دو روزہ مقامی تعطیل کا اعلان
دوسری جانب اسلام آباد میں ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے پیشِ نظر وفاقی دارالحکومت میں دو روزہ مقامی تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
اسلام آباد انتظامیہ کے مطابق 9 اور 10 اپریل کو شہر میں مقامی سطح پر عام تعطیل ہو گی، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تعطیلات کا مقصد سیکیورٹی اور انتظامی امور کو مؤثر بنانا ہے۔


