اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)پاکستان نے عراق کے شہر بصرہ میں کویت کے قونصل جنرل کے دفتر کو نشانہ بنانے کے واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ پاکستان کے مطابق کویتی قونصل جنرل کے دفتر میں توڑ پھوڑ اور قونصلر عمارت کے تقدس کی خلاف ورزی ایک سنگین معاملہ ہے، جو سفارتی اصولوں اور بین الاقوامی قوانین کے منافی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان سفارتی اور قونصلر مشنز کی سلامتی اور حرمت کی ہر صورت ضمانت دینے پر زور دیتا ہے، کیونکہ یہ بین الاقوامی ذمہ داریوں کا بنیادی تقاضا ہے۔ پاکستان ایسے تمام اقدامات کی مخالفت کرتا ہے جو سفارتی ضوابط اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہوں۔
دفتر خارجہ کے مطابق واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کی جانی چاہئیں اور ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کویتی حکومت اور عوام کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور سفارتی مشنز کے احترام، تحفظ اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کی پاسداری سے متعلق اپنے اصولی مؤقف کا اعادہ کرتا ہے۔


