وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کی عمران خان سے ملاقات، تفصیلات منظرِ عام پر

راولپنڈی(ایچ آراین ڈبلیو)پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے اڈیالہ جیل میں ہونے والی ملاقات کی تفصیلات سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کر دیں۔

بیرسٹر سلمان صفدر کے مطابق اڈیالہ جیل کے حکام نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے ملاقات کی اجازت دی، تاہم عدالتی حکم کے باوجود بشریٰ بی بی کو ملاقات میں شامل نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی قیدِ تنہائی میں ہیں اور دونوں کو 24 گھنٹے ایک دوسرے سے الگ رکھا جا رہا ہے۔

وکیل کے مطابق عمران خان کو کتب، ٹی وی، اہلِ خانہ اور وکلاء تک مکمل رسائی حاصل نہیں۔ ملاقات کا دورانیہ 60 منٹ رہا، جس میں قانونی معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور القادر ٹرسٹ کیس سے متعلق اہم ہدایات جاری کی گئیں۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے مزید بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت مجموعی طور پر بہتر ہے، حوصلہ بلند اور پہلے سے زیادہ مضبوط ہے، تاہم آنکھوں کی پیچیدگی بدستور برقرار ہے جس کے علاج کا عمل مزید دو ہفتے جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ضمانت کی درخواستوں پر مضبوط دلائل اور مقدمات کے میرٹ پر فیصلوں پر زور دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں