35

پاکستان کی سفارتی کامیابی: دو ہفتوں کی جنگ بندی، خطے میں امن کی نئی امید

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) استحکام پاکستان آرگنائزیشن کے چیئرمین محمد احسن ناغڑ نے خطے میں حالیہ پیش رفت پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ دو ہفتوں کی جنگ بندی ایک نہایت اہم اور خوش آئند پیش رفت ہے، جس میں پاکستان نے کلیدی، مؤثر اور ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ امن، استحکام اور علاقائی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے سنجیدہ اور متحرک رہا ہے، اور اس نازک صورتحال میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور سفارتی حکمت عملی نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور فریقین کو جنگ بندی پر آمادہ کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

محمد احسن ناغڑ نے مزید کہا کہ اس جنگ بندی کے نتیجے میں ایران اور امریکہ کے درمیان ممکنہ مذاکرات کی راہ ہموار ہوئی ہے، جو خطے میں پائیدار امن کے قیام کی جانب مثبت پیش رفت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام متعلقہ فریقین سنجیدہ مکالمے کے ذریعے دیرپا اور باعزت حل کی جانب پیش قدمی کریں گے۔

چیئرمین نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ یہ مؤقف اختیار کیا ہے کہ مسائل کا حل جنگ نہیں بلکہ بات چیت، سفارت کاری اور باہمی احترام میں پوشیدہ ہے، اور حالیہ پیش رفت اسی مؤقف کی جیت ہے، جس سے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت اور ذمہ دارانہ تشخص مزید مضبوط ہوا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم اپنی مسلح افواج پر فخر کرتی ہے، جو نہ صرف ملکی دفاع کو یقینی بناتی ہیں بلکہ عالمی و علاقائی امن کے قیام میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں۔ آخر میں انہوں نے دعا کی کہ یہ عارضی جنگ بندی مستقل امن میں تبدیل ہو، ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوں، اور پورا خطہ ترقی، خوشحالی اور استحکام کی راہ پر گامزن ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں