اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حالیہ جنگ بندی (سیز فائر) کا اعلان اور اس پر فوری عملدرآمد پاکستان کی ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے، جس پر عالمی سطح پر پاکستان کے ثالثی کردار کو سراہا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزارتِ خارجہ اس پورے عمل میں بھرپور طور پر متحرک رہیں۔ ان کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ وزیرِاعظم اور فیلڈ مارشل کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے۔
عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ اس سفارتی پیش رفت کے نتیجے میں آج دنیا بھر کی مارکیٹوں میں مثبت رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے، جو اس امر کا ثبوت ہے کہ عالمی برادری پاکستان کے کردار کو سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ عوام کو آئندہ پیش رفت سے مسلسل آگاہ رکھا جائے گا۔ وفاقی وزیر کے مطابق وزیرِاعظم نے کابینہ کا اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں پٹرولیم مصنوعات سمیت تمام اہم معاملات پر غور کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں پٹرولیم کی قلت موجود تھی، تاہم پاکستان نے سپلائی چین کو مؤثر انداز میں منیج کیا۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات نے آج کے دن کو ’’معرکۂ حق‘‘ کی طرح پاکستانی قوم کے لیے فخر کا دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ 48 گھنٹے اور آنے والے دن نہایت اہم ہیں، جن میں پاکستان کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ یہ ایک بڑی جنگ تھی جس سے پورا خطہ محفوظ رہا، تاہم دیرپا امن کے لیے ابھی مزید کام کرنے کی ضرورت ہے اور اس وقت اولین ترجیح امن کا قیام ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وزیرِاعظم اور فیلڈ مارشل نے مختلف ممالک سے رابطے کیے، اپنے ہم منصبوں سے مسلسل رابطے میں رہے، جبکہ نائب وزیراعظم نے بھی مختلف ممالک کے دورے کر کے سفارتی کامیابیاں حاصل کیں۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ بزرگ کہا کرتے تھے کہ ایک دن پاکستان بین الاقوامی سطح پر مؤثر کردار ادا کرے گا، اور آج وہ وقت آ چکا ہے۔


