44

گلشنِ اقبال بلاک 2 میں بلڈر مافیا کا راج، رہائشی علاقوں میں غیر قانونی کمرشل تعمیرات

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)گلشنِ اقبال بلاک 2 میں بلڈر مافیا کی من مانیوں نے علاقہ مکینوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق رہائشی پلاٹوں پر غیر قانونی طور پر کمرشل یونٹس تعمیر کیے جا رہے ہیں، جس کے باعث علاقے کا انفراسٹرکچر شدید متاثر ہو رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پلاٹ نمبر 110-A پر غیر قانونی تعمیرات جاری ہیں۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ بلڈر مافیا ان غیر قانونی یونٹس کو ایگریمنٹ کے ذریعے کروڑوں روپے میں فروخت کر رہا ہے، جبکہ خریداروں کو مستقبل میں ممکنہ قانونی اور مالی نقصانات سے لاعلم رکھا جاتا ہے۔

علاقہ مکینوں نے ماضی کے نسلہ ٹاور کیس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس واقعے میں شہریوں کی جمع پونجی ضائع ہو چکی ہے، جس کے بعد عوام میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے اور ایسی غیر قانونی تعمیرات مزید تشویش کا باعث بن رہی ہیں۔

مقامی رہائشیوں نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈی جی اور ڈائریکٹر ایس بی سی اے گلشنِ اقبال سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر قانونی تعمیرات کو فوری طور پر مسمار کیا جائے اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔

عوامی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ اس سنگین مسئلے پر فوری نوٹس لیا جائے اور بلڈر مافیا کے خلاف مؤثر کارروائی کر کے شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں