کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ جاوید عالم اوڈھو کے احکامات پر ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کے لیے منعقدہ اسپیشلائزڈ ٹریننگ ورکشاپ کے اختتام پر تقریبِ تقسیمِ اسناد کا انعقاد کیا گیا۔
مجموعی طور پر سندھ پولیس کے 186 افسران نے کامیابی کے ساتھ یہ تربیتی کورس مکمل کیا۔ کامیاب افسران میں اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سی پی او میں قائم محمد علی شاہ آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی، جہاں ایڈیشنل آئی جی سندھ مظفر علی شیخ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور سرٹیفیکیٹس تقسیم کیے۔
تقریب میں ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز سندھ، ڈی آئی جی ٹریننگ سندھ، ڈی ایس پی اسکول آف فنانس، ڈی ایس پی ایڈمن ٹریننگ، او ایس ٹریننگ سمیت دیگر سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔
اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ پیشہ ورانہ تربیت پولیس افسران کی کارکردگی بہتر بنانے اور عوامی خدمت کے معیار کو بلند کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کامیاب افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے محکمہ پولیس کی نیک نامی میں مزید اضافہ کریں گے۔


