کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) آصف جان صدیقی ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی نے سرجانی ٹاؤن شپ سیکٹر 5 کا تفصیلی دورہ کیا اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر ممبر فنانس نوید انور صدیقی، چیف انجینیئر کے ڈی اے عبدالصمد جملانی، سینیئر ڈائریکٹر ماسٹر پلان شکیل صدیقی، سپرنٹنڈنٹ انجینیئر جنید صدیقی، ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ عرفان یوسف زئی سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
دورے کے دوران ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے کو سرجانی ٹاؤن شپ سیکٹر 5 میں جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ علاقے میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی، نالوں کی مرمت و تعمیر اور فٹ پاتھ کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے، جسے مقررہ مدت میں مکمل کر لیا جائے گا۔
ڈی جی کے ڈی اے آصف جان صدیقی نے کاموں کے معیار اور رفتار کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ زیرِ زمین سیوریج کے نظام کو بہتر بنانے کے بعد سڑکوں کی تعمیر کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبے اعلیٰ معیار کے مطابق اور مقررہ وقت کے اندر مکمل کیے جائیں تاکہ سرجانی ٹاؤن کے مکینوں کو بہتر سفری سہولیات اور نکاسیٔ آب کے نظام میں بہتری فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے مزید ہدایت دی کہ ترقیاتی کاموں میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام افسران اپنی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ صلاحیت کے ساتھ انجام دیں۔
ڈی جی کے ڈی اے کا کہنا تھا کہ ادارہ ترقیات کراچی شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہا ہے اور شہر کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی کاموں کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔


