وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا عالمی یومِ صحت کے موقع پر پیغام

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے 7 اپریل کو منائے جانے والے عالمی یومِ صحت کے موقع پر عوام سے صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کی اپیل کی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صحت مند قوم ہی ترقی کی ضمانت ہے اور پیپلز پارٹی حکومت صحت کے شعبے میں تاریخی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ کے سرکاری اسپتالوں میں جدید سہولیات کی فراہمی جاری ہے اور پاکستان کے بڑے اور معیاری اسپتال سندھ میں موجود ہیں۔

سید مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ حکومت عوام کو مفت ادویات اور علاج کی سہولتیں فراہم کر رہی ہے اور ماں و بچے کی صحت کے پروگرامز کو وسعت دی گئی ہے۔ ہنگامی طبی خدمات کو مؤثر بنانے کے اقدامات جاری ہیں اور پرانے اسپتالوں کی اپگریڈیشن کے ساتھ نئے اسپتال اور بنیادی صحت مراکز صوبے کے مختلف حصوں میں قائم کیے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سکھر میں سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (SIUT) اور سندھ انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ (SICH) قائم کیے گئے، جبکہ سندھ انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکیولر ڈیزیز (SICVD) کے نیٹ ورک میں توسیع کی گئی ہے۔ کراچی میں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ (NICH) میں نومولود اور بچوں کی انتہائی نگہداشت کے یونٹس مضبوط کیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ کورنگی میں 1200 بستروں پر مشتمل جدید کارڈیک اسپتال زیرِ تعمیر ہے اور رزاق آباد نیشنل ہائی وے کراچی میں شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل کمپلیکس بھی تعمیر کیا جا رہا ہے۔

آخر میں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ صفائی، احتیاط اور متوازن غذا کے ذریعے بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہے اور صحت کے شعبے میں مزید بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا: “آئیں مل کر ایک صحت مند اور خوشحال سندھ بنائیں۔”

اپنا تبصرہ بھیجیں