کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) محکمۂ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں کراچی اور سندھ کے دیگر علاقوں میں درجۂ حرارت بتدریج بڑھنے کا امکان ہے۔ شہرِ قائد میں 10 اپریل سے ہی گرمی کی شدت میں اضافہ شروع ہو جائے گا اور درجۂ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ یا اس سے زائد رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں فی الحال بارش کا کوئی امکان نہیں ہے اور آنے والا مغربی ہواؤں کا سسٹم زیادہ تر ملک کے بالائی علاقوں تک محدود رہے گا۔
ماہرینِ موسمیات نے بتایا ہے کہ اپریل کے آخری دنوں میں کراچی میں ہیٹ ویو کی صورتِ حال پیدا ہو سکتی ہے، جس کے پیشِ نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ زیادہ دیر دھوپ میں نہ رہیں، پانی کا مناسب استعمال کریں اور ضرورت پڑنے پر ٹھنڈے مقامات پر قیام کریں۔


