پاک-ترکیہ تعلقات تیزی سے معاشی شراکت داری کی جانب گامزن: وزیراعظم

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ صدیوں پر محیط پاکستان اور ترکیہ کے برادرانہ تعلقات تیزی سے جامع معاشی شراکت داری کی جانب گامزن ہیں۔

یہ بات وزیراعظم نے جمہوریہ ترکیہ کی آئینی عدالت کے صدر قادر اوزقایا اور ان کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان انصاف تک رسائی، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال اور قانونی تجربات کے تبادلے پر بات چیت ہوئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ترکیہ کے وفد کے حالیہ دورے کے دوران دستخط ہونے والی مفاہمتی یادداشت اس سمت میں پہلا قدم ہے۔ پاکستان اور ترکیہ موسمیاتی تبدیلی، انسداد دہشت گردی، امیگریشن اور دیگر شعبوں میں قوانین اور ان کے نفاذ کے حوالے سے بھی ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

ترکیہ کی آئینی عدالت کے صدر قادر اوزقایا نے شاندار مہمان نوازی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ محبت ہر ترک کی رگوں میں بسی ہے، اور ترکیہ کی آئینی عدالت 64 سال پرانی ہے۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ تجربات کے تبادلے کے لیے پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کی آمادگی ظاہر کی۔

ملاقات میں ترکیہ کی آئینی عدالت کے ججز رضوان گولیچ اور رجائی آق یل، پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نظیر اوغلو، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، اٹارنی جنرل منصور اعوان، وزیر مملکت بیرسٹر عقیل ملک اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی شریک تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں